قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل، وفاقی اور صوبائی ترقیاتی پروگرام کی منظوری کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل ہوگا جس میں وفاقی اور صوبائی ترقیاتی پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اور وزرائے خزانہ کی شرکت متوقع ہے، وزیراعظم آزادکشمیر بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایس ڈی پی میں 200 ارب روپے کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے، ترقیاتی بجٹ میں 200 ارب کے اضافے پر آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کیا جائے گا، مختلف مالیاتی اقدامات کے ذریعے200 ارب کی ایڈجسٹمنٹ کی کوشش کی جائے گی۔

قومی اقتصادی کونسل میں 4715 ارب کا ترقیاتی بجٹ پیش کئے جانے کا امکان ہے، وفاقی ترقیاتی بجٹ 1126کے بجائے 1326 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس میں صوبوں کیلئے 3138 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ بھی پیش کیا جائے گا، قومی اقتصادی کونسل میں پنجاب کا 1450 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش ہوگا، سندھ کیلئے 816، خیبرپختونخوا کیلئے 564 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش ہوگا، بلوچستان کیلئے 308 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں