مئی میں 3 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ، 99.9 فیصد آن لائن رجسٹریشن
کراچی: (دنیا نیوز) مئی کے دوران ملک بھر میں 3,161 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جن میں 99.9 فیصد رجسٹریشن آن لائن طریقے سے مکمل کی گئیں۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 297,239 تک پہنچ گئی ہے، جو کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا واضح اشارہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کمپنیاں پنجاب میں 1,643 رجسٹر ہوئیں، جبکہ اسلام آباد میں 596، سندھ میں 479، خیبر پختونخوا میں 260، گلگت بلتستان میں 112 اور بلوچستان میں 71 کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔
شعبہ جاتی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ نئی کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 598 رجسٹر ہوئیں، جو سرفہرست رہا، اس کے بعد ٹریڈنگ میں 503، سروسز میں 404 جبکہ رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے شعبے میں 303 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں 206 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق 17 ممالک کے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیاں رجسٹر کروائیں، چین کے 89 شیئر ہولڈرز نے مختلف کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 139.4 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا، جو ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔