آئندہ وفاقی بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے ریلیف کا امکان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ وفاقی بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے ریلیف کا امکان ہے۔
آئندہ بجٹ میں فائلرز کیلئے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹرانزیکشن ٹیکس میں کمی کئے جانے کی تجویز ہے، نان فائلرز کو پراپرٹی کی خریدو فروخت پر کوئی ریلیف نہیں ملے گا، پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکسز میں ردوبدل کے حوالے سے آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا گیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پراپرٹی کی خریداری کیلئے شق 236 کے کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس 1.5 فیصد سے کم ہوگا، پراپرٹی کی خریداری کیلئے شق 236 کے کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس 0.25 فیصد ہو سکتا ہے۔
پراپرٹی کی فروخت کیلئے شق 236سی کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس 4.5 فیصد سے کم کرکے 1.5 فیصد کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق نان فائلر کیلئے پراپرٹی کی خریدو فروخت پر تقریبا 10.5 فیصد ٹیکس عائد ہیں، گزشتہ سال کی نسبت رواں مالی سال جولائی سے مارچ ودہولڈنگ ٹیکس 29 فیصد ملا، بھاری ٹیکسوں کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کی نسبت گین ٹیکس وصولی میں بھی کمی ہوئی۔