اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کی اہم دستاویزات فوری طلب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کی اہم دستاویزات فوری طلب کر لیں۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو 3 دن میں ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود کا نوٹیفکیشن بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلز کی تعداد کا نوٹیفکیشن بھی فوری فراہم کرنے کا حکم دیا گیا اور مردم شماری چارجز، سرکلز اور بلاکس والے ٹاؤن کارپوریشنز کے مصدقہ نقشے بھی مانگے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 13 مئی کے اجلاس میں اسلام آباد انتظامیہ 10 دن کا وقت دیا گیا تھا، مقررہ وقت گزر چکا، آج کے اجلاس میں کمیشن نے دستاویزات 3 دن میں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد لوکل گورنمنٹ انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل دستاویزات کی عدم فراہمی سے رکا ہوا ہے، قائمہ کمیٹی کی مسودہ قانون سازی پر غور اور وفاقی کابینہ سے قواعد میں ترامیم بھی جلد کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں