علاقائی کشیدگی و مہنگائی سے کاروباری اعتماد شدید متاثر
انڈیکس 9فیصد کم،80فیصد کمپنیوں کی سرمایہ کاری فیصلوں پر نظرثانی خدمات کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا،اوورسیز انوسٹرز چیمبر سروے
کراچی(بزنس رپورٹر)اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تازہ ترین بزنس کانفیڈنس انڈیکس سروے میں ملک بھر کے کاروباری حلقوں کے اعتماد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی بنیادی وجوہات خطے میں بڑھتی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی، مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور معاشی غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا گیا ہے ۔سروے کے مطابق مجموعی بزنس کانفیڈنس انڈیکس 9 فیصد پوائنٹس کمی کے بعد مثبت 13 فیصد پر آ گیا جبکہ تقریباً 70 سے 80 فیصد کاروباری اداروں نے موجودہ حالات کے باعث اپنے سرمایہ کاری کے فیصلوں کو یا تو مؤخر کر دیایا ان پر نظرثانی شروع کر دی ہے۔
کاروباری اداروں کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور علاقائی کشیدگی نے سرمایہ کاری کے اعتماد، سپلائی چینز اور اقتصادی ترقی کے امکانات کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق مختلف شعبوں میں کاروباری اعتماد میں کمی کا رجحان دیکھا گیا تاہم خدمات کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اعتماد میں 20 فیصد پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں 7 فیصد پوائنٹس کی کمی سامنے آئی جبکہ ریٹیل سیکٹر واحد شعبہ رہا جہاں کاروباری اعتماد میں3فیصد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔سروے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ نئی سرمایہ کاری کے رجحان میں 10 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی۔