ایس ای سی پی : مئی میں 3 ہزار 161نئی کمپنیاں رجسٹرڈ
99.9فیصدکمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن نظام کے ذریعے کی گئی
کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے مئی 2026 کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 161 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا اعلان کیا جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 97 ہزار 239 ہوگئی۔کمیشن کے مطابق 99.9 فیصدکمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن نظام کے ذریعے کی گئی۔ایس ای سی پی کے مطابق پنجاب نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں بدستور سرفہرست رہا جہاں مئی کے دوران ایک ہزار 643نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔اسلام آباد میں 596، سندھ میں 479، خیبر پختونخوا میں 260، گلگت بلتستان میں 112 جبکہ بلوچستان میں 71 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا ۔دوسری جانب شعبہ وار جائزے کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کا شعبہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں سب سے آگے رہا جبکہ مئی کے دوران آئی ٹی سیکٹر میں 598 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔