کے پی ٹی کا 138سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ

کے پی ٹی کا 138سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ

5کروڑ 46لاکھ 85ہزار ٹن کارگو ہینڈل، بحری تجارت میں اہم سنگِ میل نیا ریکارڈ بحری شعبے کی ترقی کا واضح ثبوت ہے ، وفاقی وزیر بحری امورجنید انوار

کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی پورٹ ٹرسٹ نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا جسے ملکی بحری تجارت اور بندرگاہی شعبے کیلئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ، افسران اور ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کارگو ہینڈلنگ کا یہ نیا ریکارڈ بحری شعبے کی ترقی، بہتر انتظامی حکمت عملی اور آپریشنل کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو خطے کا ایک مضبوط بحری و تجارتی مرکز بنانے کیلئے بندرگاہوں میں اصلاحات، جدید سہولتوں کی فراہمی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی، توسیع، لاجسٹکس کے نظام کی بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے کیونکہ یہ شعبہ ملکی تجارت اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔دوسری جانب چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ کراچی پورٹ کی استعداد، آپریشنل کارکردگی اور انتظامی صلاحیت میں نمایاں بہتری لائی گئی جسکے نتیجے میں یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پورٹ کی مسابقتی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور عالمی معیار کی بندرگاہی خدمات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں