فکسڈ ٹیکس اسکیم کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنیکا مطالبہ
ٹیکس نیٹ میں اضافہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ،اشرف بھٹی
لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے مطالبہ کیا کہ فکسڈ ٹیکس اسکیم کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ تاجر برادری کو اس سکیم کے تمام نکات، طریق کار اور فوائد سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا سکے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت چیمبرز آف کامرس اور تاجر تنظیموں کے تعاون سے سیمینارز، ورکشاپس اور معلوماتی سیشنز کا انعقاد کرے تاکہ اس اسکیم کے حوالے سے تاجروں کے ذہنوں میں جو ابہا م موجود ہے اس کا خاتمہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے ،تاہم اس کے لیے اعتماد سازی بھی ضروری ہے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں کو بروقت رہنمائی اور سہولتیں فراہم کی جائیں تو وہ قومی معیشت کی مضبوطی میں مزید موثرکردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت تاجر برادری کی مثبت تجاویز کو اہمیت دے گی اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔