رائس ایکسپورٹرز کے وفد کا گوانگژو کا دورہ

رائس ایکسپورٹرز کے  وفد کا گوانگژو کا دورہ

کراچی (بزنس ڈیسک)رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا 17 رکنی وفد چین کے شہر گوانگژو کے دورے پر ہے۔

وفد کا گوانگژو بائی یون انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ 20 جولائی کی شام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، گوانگژو کی جانب سے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ بھی دیا گیا۔قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، گوانگژو نے گوانگ ڈونگ چیمبر آف کامرس آف امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز کے اشتراک سے ایک بی ٹو بی میچ میکنگ ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں چاول، تل اور مکئی کے درآمد کنندگان کو مدعو کیا گیا۔ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلرمحمد عمران نے اپنے خطاب میں چین کی اجناس کی منڈی میں موجود وسیع تجارتی امکانات اور چاول، تل اور مکئی کی تجارت کے حوالے سے مختصر جائزہ پیش کیا۔ریپ کے سینئر وائس چیئرمین اور وفد کے سربراہ جاوید جیلانی نے پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔21 جولائی کو وفد نے گوانگژو میں پاکستان کے قونصل جنرل سردار محمد سے بھی ملاقات کی۔ قونصل جنرل نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے گزشتہ تین برسوں کے تقابلی تجارتی اعداد و شمار کی روشنی میں چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات کے امکانات پر گفتگو کی ۔وفد کے اراکین نے چین کو برآمدات کے حوالے سے اپنے عملی تجربات سے آگاہ کیا اور چاول برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قونصلیٹ اور حکومتِ پاکستان کی معاونت کی درخواست کی ۔قونصل جنرل نے وفد پر زور دیا کہ وہ قونصلیٹ اور اپنے چینی شراکت داروں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہیں تاکہ تجارتی معاملات پر مؤثر فالو اپ اور مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...