ہائبرڈ سکوک کا کامیاب اجرا، میزان بینک کی وزارتِ خزانہ کو مبارکباد
کراچی(بزنس ڈیسک)میزان بینک نے پاکستان کے پہلے قلیل مدتی خودمختار ہائبرڈ سکوک کے کامیاب اجرا پر وزارتِ خزانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملک کے اسلامی مالیاتی شعبے کی ترقی میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔
میزان بینک نے اس تاریخی اجرا میں حکومتِ پاکستان کے جوائنٹ فنانشل ایڈوائزر کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے متعارف کرایا گیا یہ سکوک پروگرام پاکستان کا پہلا کم اثاثہ جاتی قلیل مدتی خودمختار ہائبرڈ سکوک ہے ، جو 3 اور 6 ماہ کی مدت پر مشتمل ہے اور اسلامی مالیاتی نظام میں جدت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔اس جدید سکوک اسٹرکچر میں اجارہ اور کموڈیٹی مرابحہ کے ماڈلز کو یکجا کیا گیا جس کے ذریعے حکومت کو شریعہ سے ہم آہنگ سرمائے کے حصول کا ایک جدید طریقئہ کار متعارف کرایا گیا ہے جبکہ اسلامی بینکاری صنعت میں لیکویڈٹی مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے ۔تین ماہ کی مدت کے سکوک کی نیلامی کو سرمایہ کاروں کی جانب سے غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی جہاں 25 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 153 ارب روپے سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں۔
حکومتِ پاکستان نے 11.4413 فیصد کی ویٹڈ ایوریج ییلڈ پر 80 ارب روپے سے زائد کی بولیاں قبول کیں جس کے نتیجے میں یہ اجرا تقریباً 3.2 گنا زائد سبسکرائب ہوا۔چھ ماہ کی مدت کے سکوک کی نیلامی میں بھی سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور 25 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 41 ارب روپے سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں۔ تاہم وزارتِ خزانہ نے مقررہ ہدف کے مطابق تقریباً 24 ارب روپے کی بولیاں 11.5685 فیصد کی ویٹڈ ایوریج ییلڈ پر قبول کیں۔وزارتِ خزانہ نے تین اور چھ ماہ کے قلیل مدتی سکوک کے علاوہ ایک سالہ اور 10 سالہ ویری ایبل رینٹل ریٹ سکوک کی باقاعدہ نیلامیاں بھی منعقد کیں، جن کے ذریعے بالترتیب تقریباً 57.96 ارب روپے اور 77 ارب روپے کا سرمایہ حاصل کیاگیا، جبکہ ان کی ویٹڈ ایوریج ییلڈبالترتیب 11.7526 فیصد اور 11.5580 فیصد رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments