کاروں کی فروخت میں 141.28فیصد اضافہ ریکارڈ

 کاروں کی فروخت میں 141.28فیصد اضافہ ریکارڈ

جولائی کے دوران 17ہزار 216گاڑیاں فروخت ہوئیں،آٹو مینوفیکچررز

اسلام آباد (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) رواں مالی سال جولائی کے دوران ملک میں کاروں کی فروخت میں 141.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی 2026 میں ملک میں مجموعی طور پر 17ہزار 216 گاڑیاں فروخت ہوئیں جب کہ جولائی 2025 میں کاروں کی فروخت 7 ہزار 135 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا۔ ماہرین نے اس نمایاں اضافے کی وجہ بینکوں کی لیزنگ پالیسیوں میں نرمی اور شرح سود میں کمی کو قرار دیا۔

اعدادوشمار کے مطابق جیپس اور پک اپس کی فروخت 33 فیصد کمی کے ساتھ 2,602 یونٹس رہی جبکہ ٹرکوں اور بسوں کی فروخت بالترتیب 169 فیصد اضافے سے 854 یونٹس اور 14 فیصد اضافے سے 65 یونٹس ہو گئی۔اعداد و شمار کے مطابق موٹر سائیکلوں اور رکشوں سمیت دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت 40.7 فیصد اضافے سے 177,089 یونٹس ہوگئی۔مزید برآں رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں زرعی ٹریکٹرز کی فروخت 4 فیصد اضافے سے 1,242 یونٹس ہوگئی جو کئی ماہ کی مسلسل کمی کے بعد بہتری کی علامت ہے ۔ اس معمولی بحالی کی وجہ کاشتکاروں کی معاشی صورتحال میں بہتری کو قرار دیا گیا ہے جس کے باعث وہ زرعی مشینری میں سرمایہ کاری کے لیے زیادہ آمادہ دکھائی دیے ۔ گزشتہ مالی سال ٹریکٹرز کی فروخت میں مجموعی طور پر کمی کا رجحان رہا تھا۔آٹو سیکٹر کے تجزیہ کار مسعود خان نے کہا کہ نسبتاً محدود حجم کے باوجود کاروں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے جو رواں مالی سال کے لیے ایک مثبت آغاز ہے ۔ انہوں نے فروخت میں اضافے کی ایک وجہ بینکوں کی لیزنگ پالیسیوں میں بہتری اور شرح سود میں کمی کو قرار دیا جس سے صارفین کے لیے گاڑیوں کی فنانسنگ زیادہ پرکشش ہوگئی ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...