پہلی ششماہی ،نیشنل بینک کو 32.4 ارب کاخالص منافع

پہلی ششماہی ،نیشنل بینک کو 32.4 ارب کاخالص منافع

مجموعی اثاثوں میں 10.9 فیصد اضافہ،فی حصص آمدنی15.23 روپے رہی

کراچی(بزنس ڈیسک)نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی کیلئے بینک کے عبوری مختصر مالیاتی گوشواروں کی منظوری دی گئی۔بینک نے 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران مستحکم مالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 67.3 ارب روپے قبل از ٹیکس منافع جبکہ 32.4 ارب روپے بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔ فی حصص آمدنی15.23 روپے رہی۔سودی آمدنی کو سرمایہ کاری کے حجم میں دو ہندسوں کی مضبوط نمو سے بھرپور سہارا ملا جو15.1 فیصد بڑھ گئی ۔بینک نے 2026 کی پہلی ششماہی میں 361.7 ارب روپے کی مجموعی سودی آمدنی حاصل کی۔غیر سودی آمدنی میں بھی بہتری کا رجحان رہا اور یہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.8 فیصد اضافے کے ساتھ 27.6 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ اس ترقی میں متعدد شعبوں کی مستحکم کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا۔ زرمبادلہ سے حاصل ہونے والی آمدنی 3.5 ارب روپے سے بڑھ کر 5.4 ارب روپے ہوگئی ۔بینک کے مجموعی اثاثوں میں 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران 10.9 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 7.8 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے ۔ سرمایہ کاری بڑھ کر5.67 ٹریلین روپے ہوگئی۔مجموعی قرضوں کا حجم 1.58ٹریلین روپے رہا۔دریں اثنا اسلامی فنانسنگ میں ترقی ہوئی اور 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران اس میں 27 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں اسلامی فنانسنگ کا حجم بڑھ کر 312.8 ارب روپے ہوگیا۔مجموعی ڈپازٹس30 جون 2026 کو 4.2 ٹریلین روپے رہے ۔عبد الوحد سیٹھی نے توقع ظاہر کی کہ 2026 کی دوسری ششماہی کے دوران کاروباری ماحول میں مزید بہتری آئے گی، جسے جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی، کاروباری اعتماد میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں میں بتدریج بحالی سے تقویت ملنے کی توقع ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...