پاکستان میں 10 لاکھ درخت لگانے والی ٹویوٹا پہلی آٹو کمپنی بن گئی
کراچی(بزنس ڈیسک)انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ (ٹویوٹا)نے پاکستان بھر میں 10 لاکھ درخت لگانے کا سنگِ میل عبور کرلیا۔۔۔
جس کے بعد کمپنی ملک میں ایک ملین درخت لگانے والی پہلی آٹو موبائل کمپنی بن گئی۔کمپنی کے مطابق ملین ٹری پلانٹیشن پروجیکٹ کے تحت سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں شجرکاری کی گئی جس کا مقصد سبز علاقوں میں اضافہ، حیاتیاتی تنوع کا فروغ اور مقامی ماحول کی بہتری ہے ۔یہ منصوبہ یونائیٹڈ نیشنز ایسوسی ایشن آف پاکستان اور ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچرسمیت دیگر ادارہ جاتی اور سماجی شراکت داروں کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔کراچی میں پورٹ قاسم، بن قاسم، گڈاپ، ملیر، کورنگی، کلفٹن، سائٹ، ہاکس بے ، شاہراہِ فیصل اور یونیورسٹی روڈ سمیت مختلف شہری، صنعتی اور ساحلی علاقوں میں شجرکاری کی گئی جبکہ منصوبے کا دائرہ نوری آباد، ٹھٹہ، ضلع شہید بینظیر آباد، کشمور، لاہور اور اسلام آباد تک بھی پھیلایا گیا۔کمپنی کے مطابق شجرکاری مہم میں آم، جامن، امرود، انار، شہتوت، نیم، پیپل، ارجن، مورنگا، گل مہر اور کچنار سمیت پھل دار، سایہ دار، پھول دار اور ماحولیاتی طور پر مفید درختوں کی مختلف اقسام لگائی گئیں۔ درختوں کا انتخاب متعلقہ علاقوں کی ماحولیاتی اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔انڈس موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی نے کہا کہ یہ کامیابی کمپنی کے پائیداری سے متعلق طویل مدتی عزم اور سرسبز و پائیدار پاکستان کی تعمیر میں ذمہ داری کی عکاسی کرتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments