درآمدی سفید ریفائنڈ چینی کی برآمد کیلئے نیا ای ٹینڈر جاری
ایک لاکھ 7ہزار 739میٹرک ٹن چینی فروخت کیلئے بولیاں طلب کیں
کراچی (کامرس رپورٹر)ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے اپنے پاس موجود اضافی درآمدی سفید ریفائنڈ چینی کی برآمد کے لیے نیا ای ٹینڈر جاری کردیا ہے ٹی سی پی نے ایک لاکھ 7 ہزار 739 میٹرک ٹن چینی کی فروخت اور برآمد کیلئے ملکی اور بین الاقوامی خریداروں سے بولیاں طلب کی ہیں۔ٹی سی پی کے جاری ٹینڈر کے مطابق چینی کراچی میں واقع پپری گودام سے ‘‘جس حالت میں جہاں ہے ’’ کی بنیاد پر ہوگی۔ اس سلسلے میں دلچسپی رکھنے والے ملکی اور بین الاقوامی خریدار 28 ستمبر کو صبح 11 بجے تک اپنی الیکٹرانک بولیاں جمع کراسکیں گے ، ٹی سی پی کے مطابق ای ٹینڈرنگ کے تحت صرف الیکٹرانک بولیاں قبول کی جائیں گی اور مینوئل بولیاں قابل قبول نہیں ہوں گی۔ موصول بولیاں 28 ستمبر کو صبح ساڑھے 11 بجے کھولی جائیں گی۔واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ ماہ اگست میں تقریباً ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس فیصلے کا مقصد آئندہ کرشنگ سیزن سے قبل سرکاری ذخائر میں موجود اضافی چینی کو برآمد کرنا ہے ۔ ماہرین کے مطابق ٹی سی پی کے پاس اس وقت تقریباً ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی موجود ہے ، جسے نئے کرشنگ سیزن کے آغاز سے قبل برآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ذخائر کے انتظام اور آئندہ سیزن میں چینی کی دستیابی سے متعلق معاملات کو بہتر انداز میں منظم کیا جاسکے یاد رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جون 2025 میں ملک میں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پانچ لاکھ میٹرک ٹن تک چینی درآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments