باگسرا سکیورٹیز کیس:ریفرنس ایف آئی اے کوبھیجنے کی منظوری

باگسرا سکیورٹیز کیس:ریفرنس ایف آئی اے کوبھیجنے کی منظوری

کمپنی نے سرمایہ کاروں کے حصص بغیر رضامندی منتقل، گروی رکھے ، ایس ای سی پی واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث بینکوں اور اسٹاک ایکسچینج نے گروی حصص بیچ دیئے

کراچی(کامرس رپورٹر)باگسرا سکیورٹیز کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے معاملے میں مزید قانونی کارروائی کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کو ریفرنس بھیجنے کی منظوری دیدی، ایس ای سی پی کے مطابق باگسرا سکیورٹیز کے سرمایہ کاروں کے تقریباً 5 کروڑ روپے کے واجبات 16 سال گزرنے کے باوجود تاحال ادا نہیں کیے جاسکے ، انکوائری میں انکشاف ہوا کہ باگسرا سکیورٹیز نے متعدد سرمایہ کاروں کے حصص ان کی رضامندی کے بغیر منتقل اور گروی رکھے ، جبکہ 2007 سے 2010 کے دوران صارفین کے 17 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے حصص مختلف بینکوں اور اسٹاک ایکسچینج کے پاس گروی رکھے گئے ۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث بینکوں اور اسٹاک ایکسچینج نے گروی حصص فروخت کردیئے ، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے مفادات متاثر ہوئے ۔ ایس ای سی پی کے مطابق مجموعی طور پر 333 سرمایہ کاروں کی جانب سے 14 کروڑ 55 لاکھ روپے کے کلیمز کی تصدیق کی گئی تھی،جن میں سے سرمایہ کاروں کو 9 کروڑ 65 لاکھ 70 ہزار روپے ادا کیے جاچکے ہیں، تاہم تقریباً 4 کروڑ 89 لاکھ روپے کے کلیمز اب بھی واجب الادا ہیں۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو ریفرنس بھیجنے کا مقصد کیس میں مزید کارروائی اور سرمایہ کاروں کے بقایاجات کی وصولی ہے۔ سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ اور واجبات کی وصولی متعلقہ قانونی و ضابطہ کار کے تحت یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...