پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، باضابطہ احتجاج
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ نے بھارتی فورس کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیدیاں سیکٹر میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کے ہاتھوں دو پاکستانی شہریوں کے قتل پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) October 3, 2026
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال طاقت کا استعمال کیا، طاقت کا یہ استعمال مکمل طور پر بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے جاں بحق افراد کو درانداز قرار دینے کی کوشش کو بھی مسترد کردیا اور بھارت پر واضح کیا گیا کہ یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس طرح کے واقعات بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی شدید خدشات پیدا کرتا ہے، واقعہ کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرائی جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ تحقیقات کے نتائج اور کارروائی سے متعلق پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے، بھارت بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، بھارت دوطرفہ معاہدوں اور سرحدی امور سے متعلق طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments