سیر و تفریح کیلئے باہر نہ لے جانے پر خاتون نے شوہر سے طلاق مانگ لی

شارجہ: (ویب ڈیسک) شارجہ میں اپنی نوعیت کا ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے شوہر کی جانب سے سیر و تفریح اور سفر کے لیے گھر سے باہر لے جانے میں عدم دلچسپی پر طلاق کا مطالبہ کردیا۔

خلیجی میڈیا کے مطابق شارجہ کورٹس کے شعبہ فیملی گائیڈنس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رضیہ حسن الریسی نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔

ڈاکٹر رضیہ حسن الریسی کے مطابق خاتون نے فیملی گائیڈنس سروس سے رجوع کرتے ہوئے شکایت کی کہ ان کے شوہر گھر میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں اور انہیں سیر و تفریح یا سفر کے لیے اپنے ساتھ لے جانے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

خاتون نے شوہر کی دیگر خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں سخی، صابر اور اچھے اخلاق کا حامل جیون ساتھی بھی قرار دیا، تاہم شوہر کی گھر سے باہر جانے اور تفریح میں عدم دلچسپی ان کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی تھی۔

شارجہ کے فیملی گائیڈنس ڈپارٹمنٹ نے خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بہن بھائیوں اور میکے والوں کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے باہر جاسکتی ہیں اور محض اس معاملے کی بنیاد پر طلاق کا فیصلہ کرنے سے گریز کریں۔

فیملی گائیڈنس حکام نے خاتون پر زور دیا کہ وہ ازدواجی زندگی میں باہمی سمجھوتے کو اہمیت دیں اور ایسے اختلاف کو گھر کا سکون متاثر کرنے کا سبب نہ بننے دیں۔

ڈاکٹر رضیہ حسن الریسی نے کہا کہ طرزِ زندگی اور تفریح کے حوالے سے میاں بیوی کی مختلف ترجیحات بعض اوقات ایک دوسرے کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں، تاہم ہر اختلاف ازدواجی رشتے کے خاتمے کا سبب نہیں بنتا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہر معمولی اختلاف کو قانونی یا خاندانی تنازع میں تبدیل کرنے سے گریز کرنا چاہیے، خصوصاً اس صورت میں جب ازدواجی تعلقات میں کوئی سنگین مسئلہ موجود نہ ہو۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...