امریکی شہری کو کھدائی کے دوران 6.03 قیراط کا ہیرا مل گیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست آرکنساس میں ایک بحریہ کے ریزروسٹ نے کھدائی کے دوران 6.03 قیراط کا ہیرا دریافت کر لیا، جس کی ممکنہ مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
جیک پیراڈن گزشتہ 12 برس سے زائد عرصے سے شوقیہ طور پر پتھروں اور قیمتی جواہرات کی تلاش کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس شوق کے دوران انہیں کبھی کوئی خاطر خواہ مالی فائدہ حاصل نہیں ہوا، تاہم رواں سال کے آغاز میں دوست کے ہمراہ کھدائی کے دوران ہونے والی دریافت نے ان کے شوق کو غیر معمولی موڑ دے دیا۔
جیک پیراڈن نے یہ ہیرا اس وقت دریافت کیا جب وہ کریٹر آف ڈائمنڈز سٹیٹ پارک میں اپنی تلاش کو ٹک ٹاک پر براہ راست نشر کر رہے تھے۔
انہوں نے بجری سے بھری ایک بالٹی کو دھونے کے بعد جب اس کا مواد میز پر الٹا تو انہیں ایک چمکتا ہوا پتھر دکھائی دیا، 6.03 قیراط کے ہیرے پر نظر پڑتے ہی وہ خوشی سے چیخ اٹھے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ہیرا تقریباً ایک ناخن کے برابر ہے اور رواں سال کریٹر آف ڈائمنڈز سٹیٹ پارک سے دریافت ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا ہیرا ہے۔
جواہرات کے بعض ماہرین اور کلیکٹرز کا کہنا ہے کہ ہیرے کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوسکتی ہے، تاہم ایک تجربہ کار ماہرِ قدر کے مطابق اسی حجم اور معیار کے ہیرے کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہوسکتی ہے۔
برسوں سے جاری جیک پیراڈن کے شوقیہ تلاش کے سفر میں یہ دریافت ایک غیر معمولی کامیابی قرار دی جارہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments