خواتین کی مالی شمولیت کیلئے نئی بینکنگ پالیسی متعارف

خواتین کی مالی شمولیت کیلئے نئی بینکنگ پالیسی متعارف

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے خواتین اور مردوں کے درمیان مالیاتی شمولیت کے فرق کو مزید کم کرنے اور خواتین کو مالیاتی نظام کا فعال حصہ بنانے کیلئے بینکنگ آن ایکویلیٹی پالیسی 2026 متعارف کرا دی ۔

نئی پالیسی کا مقصد خواتین کیلئے بینکاری، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات، قرضوں، کاروباری مواقع اور مالیاتی آگاہی تک رسائی بہتر بنانا ہے تاکہ خواتین ملکی معاشی ترقی میں اپنی بھرپور صلاحیت کے مطابق کردار ادا کرسکیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق نئی پالیسی ڈیجیٹلائزیشن، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مالیاتی سہولیات تک رسائی کے ذریعے بینکاری نظام سے باہر خواتین کو مالیاتی نظام میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دے گی ۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ خواتین کی مالی شمولیت طویل المدتی معاشی خوشحالی کیلئے نہایت اہم ہے اور یہ اقدام اسٹیٹ بینک کے وژن2028کا بھی اہم حصہ ہے ۔ بینکنگ آن ایکویلیٹی کی پہلی پالیسی2021میں متعارف کرائی گئی تھی جس کا مقصد مالیاتی شمولیت میں بڑھتے ہوئے صنفی فرق کو کم کرنا اور بینکاری شعبے کو خواتین کیلئے زیادہ سازگار بنانا تھا۔ پالیسی کے نتیجے میں مالیاتی شمولیت میں خواتین اور مردوں کے درمیان فرق2021کے 39 فیصد سے کم ہو کر2025میں 29 فیصد رہ گیا ہے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اسی عرصے کے دوران بینکوں نے 17ہزار500سے زائد خواتین کو ملازمتیں فراہم کیں جس کے نتیجے میں بینکاری شعبے میں خواتین ملازمین کا مجموعی تناسب 13 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہوگیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...