انجمن تاجران کا فوکل پرسنز مقررکرنے کا مطالبہ
مارکیٹوں میں کارروائیوں سے قبل تاجر رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے،اشرف بھٹی
لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروں اور مختلف سرکاری محکموں کے درمیان موثررابطوں کیلئے فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں تاکہ کاروباری برادری کے مسائل بروقت حل اور غیر ضروری مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پیرا فورس اور دیگر محکموں کی جانب سے کارروائیوں سے قبل متعلقہ مارکیٹوں کے عہدیداران کو اعتماد میں لیا جائے اور انہیں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، بھاری ٹیکسز ادا کرنے کے ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بھی ہیں،تاجر برادری ملکی معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور حکومتی محصولات میں اضافے کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں اور تاجر تنظیموں کے درمیان رابطوں کا موثر نظام قائم ہونے سے غلط فہمیاں دور اور مسائل کا حل آسان ہو سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments