کراچی :غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ، مالک سمیت 11 گرفتار
کراچی (این این آئی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے شارع فیصل پر قائم غیر قانونی بین الاقوامی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر اس کے مالک یاسر گلگتی سمیت 11 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔
ملزموں پر امریکی شہریوں سے سائبر فراڈ اور ان کی بینکنگ معلومات چوری کرنے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ظفر سینٹر کی پہلی منزل پر قائم کال سینٹر میں کارروائی کے دوران امریکی شہریوں کی مالیاتی معلومات چوری کرنے کے مبینہ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم امریکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے بن کر شہریوں کو فون کرتے اور جعلی کالز کے ذریعے ان کے سماجی تحفظ کے نمبرز، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کی معلومات حاصل کرتے تھے ،حاصل کردہ بینکنگ معلومات کو غیر قانونی مالیاتی لین دین کے لیے استعمال کرتے تھے، گرفتار افراد میں کال سینٹر کا مالک، ایجنٹس، سپر ایجنٹس اور فلور منیجر شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ڈیجیٹل آلات اور دیگر الیکٹرانک سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments