کراچی تانیویارک کنٹینر کرایہ چار گنا بڑھ گیا، وزارت تجارت

کراچی تانیویارک کنٹینر کرایہ چار گنا بڑھ گیا، وزارت تجارت

بحری جہازوں کے طویل راستوں کے باعث ترسیل میں 20روز کا اضافہ شپنگ اخراجات 9ہزار ڈالر ہوگئے ، پہلے 2ہزار ڈالر تھے ، اعداد وشمار جاری

کراچی(این این آئی)سمندری راستوں میں سکیورٹی خدشات اور بحری جہازوں کے طویل متبادل راستے اختیار کرنے کے باعث ملکی تجارت کو بڑا دھچکا لگا ہے ، کراچی سے نیویارک 40 فٹ کنٹینر بھیجنے کا کرایہ 2 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 9 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ سامان کی ترسیل میں بھی 15 سے 20 روز کا اضافہ ہوگیا۔وزارت تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی سے نیویارک کنٹینر بھیجنے کے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ، جبکہ چین سے کنٹینر کی ترسیل کا کرایہ بھی 2 ہزار سے 2 ہزار 400 ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 4 ہزار سے ساڑھے 4 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہے ۔بحیرہ احمر اور آبنائے ہرمز کے اطراف سکیورٹی خدشات کے باعث تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے ۔ بحری جہازوں کی جانب سے کیپ آف گڈ ہوپ کا طویل راستہ اختیار کرنے کے باعث امریکا کی مشرقی ساحلی ریاستوں تک پاکستانی برآمدات پہنچنے میں اب 40 سے 42 دن لگ رہے ہیں۔شپنگ اخراجات اور ترسیل میں تاخیر کے باعث ٹیکسٹائل، گارمنٹس، چاول، چمڑے ، کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات، ادویات اور سمندری خوراک سمیت متعدد برآمدی شعبے دباؤ کا شکار ہیں، جبکہ توانائی، خام مال اور صنعتی اشیا کی درآمد بھی مہنگی ہوگئی ہے ۔وزارت تجارت کی دستاویزات میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ خلیجی ممالک کو پاکستان کی براہ راست برآمدات میں ڈیڑھ سے 2 ارب ڈالر تک کمی ہو سکتی ہے ، جبکہ بحری راستوں کی بندش کی صورت میں ملک کا توانائی درآمدی بل بھی تقریباً ساڑھے 4 ارب ڈالر بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔درآمدی لاگت میں اضافے سے ملکی معیشت پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...