اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام،27ارب منافع
610 پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس177,382 پوائنٹس پر بند ہفتہ وار چھٹی سے قبل سرمایہ کار محتاط،توجہ ملکی سیاست پر مرکوز رہی،ذرائع
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون میں ہوا۔حصص بازار میں ا 62 کروڑ شیئرز کے سودے 22 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 27 ارب روپے اضافے سے 19 ہزار 260 ارب روپے رہی۔تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز حصص کی شدید فروخت کے دباؤ کے ساتھ ہوا اور انڈیکس تیزی سے گر کر دن کی کم ترین سطح 176,212 پوائنٹس پر آگیا، بعد ازاں خریداروں نے بتدریج دلچسپی دکھائی اور فروخت کا دباؤ جذب کرتے ہوئے انڈیکس کو مزید گراوٹ سے بچایا۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرمایہ کاروں کی توجہ ملکی سیاست پر مرکوز رہی۔ ہفتہ وار چھٹی سے قبل سرمایہ کاروں کا رویہ محتاط رہا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 610پوائنٹس کے اضافے سے 177,382 پوائنٹس پر بند ہوا۔بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کاروبار کے بعد جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ مارکیٹ میں ابتدا میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا، تاہم بھاری وزن کے حامل منتخب حصص میں خریداری کے باعث بحالی آئی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اینگرو ہولڈنگز، حب پاور کمپنی، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان اور میپل لیف سیمنٹ فیکٹری نے انڈیکس کی مثبت کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کیا اور مجموعی طور پر 904 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments