کاروباری اعتماد میں کمی، غیر ملکی سرمایہ کار بھی مایوس

کاروباری اعتماد میں کمی، غیر ملکی سرمایہ کار بھی مایوس

توانائی قیمتیں، مہنگائی اور کاروباری اخراجات میں اضافہ اہم وجوہات سروے نتائج پالیسی سازوں کیلئے اہم پیغام ہے ،صدر اوورسیز انوسٹرز

کراچی(بزنس ڈیسک)او آئی سی سی آئی کے بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق عالمی سیاسی کشیدگی، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ملکی معاشی دباؤ کے باعث پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی آئی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی منفی سطح پر آگیا اور اس میں مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں زیادہ گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ستمبر اور اکتوبر 2026 میں  کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد گزشتہ سروے کے مثبت 13 فیصد سے کم ہوکر منفی 23 فیصد ہوگیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اس سے بھی زیادہ کمی ہوئی جہاں او آئی سی سی آئی کے ارکان کا بزنس کانفیڈنس 55 فیصد پوائنٹس کم ہوکر مثبت 28 فیصد سے منفی 27 فیصد ہوگیا۔ کاروباری اعتماد میں کمی کی اہم وجوہات میں توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، مہنگائی، کاروباری اخراجات میں اضافہ، سیکیورٹی خدشات، عالمی سیاسی کشیدگی اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال شامل ہیں  ۔ او آئی سی سی آئی کے صدر عمر احسن خان نے کہا سروے کے نتائج پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم پیغام ہیں کیونکہ پاکستان اس وقت سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے کوشاں ہے ۔سیکریٹری جنرل ایم عبدالعلیم نے چیمبر کے ارکان کے کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کے مختلف چیلنجز کے باوجود روایتی طور پر زیادہ مثبت توقعات رکھتے آئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...