سائبر حملوں سے تحفظ کیلئے خصوصی انشورنس سہولت متعارف
کارپوریٹ سیکٹر کیلئے آگاہی سیشن، درپیش نئے خطرات، بچاؤ کے طریقے بتائے گئے
کراچی(کامرس رپورٹر)ڈیجیٹل دور میں سائبر حملوں، ڈیٹا چوری اور مالیاتی جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر پاکستان میں کاروباری اداروں اور کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کے مالی تحفظ کے لیے خصوصی انشورنس سہولیات متعارف کرا دی گئی ہیں۔ رسک مینجمنٹ سروسز (آر ایم ایس) اور عالمی انشورنس بروکریج کمپنی گیلاگر کی جانب سے کارپوریٹ سیکٹر کے لیے سائبر انشورنس اور ڈائریکٹرز اینڈ آفیسرز لائبلیٹی انشورنس سے متعلق آگاہی سیشنز کا انعقاد نجی ہوٹل کیا، جن میں ملکی اور عالمی انشورنس ماہرین نے شرکت کی اور کاروباری اداروں کو درپیش نئے خطرات اور ان سے نمٹنے کے طریقوں پر روشنی ڈالی علاوہ ازیں آگاہی سیشنز میں کاروباری و کارپوریٹ اداروں کو دو خصوصی انشورنس پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پہلی پالیسی سائبر انشورنس سے متعلق ہے ، جس کا مقصد سائبر حملوں، ڈیٹا کی چوری، سسٹم کی بندش اور دیگر ڈیجیٹل خطرات کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصانات سے کاروباری اداروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے ، جبکہ دوسری پالیسی ڈائریکٹرز اینڈ آفیسرز لائبلیٹی انشورنس ہے جسکے تحت کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور اعلیٰ انتظامی عہدیداروں کو انکے پیشہ ورانہ فیصلوں اور انتظامی ذمہ داریوں کے حوالے سے ممکنہ قانونی اور مالی دعوؤں کے خلاف انشورنس تحفظ فراہم کیا جاتا ہے دوسری جانب گیلاگر انشورنس کمپنی کے ڈویژنل ڈائریکٹر الیسٹر کلائیمی نے کہا کہ دنیا بھر میں سائبر حملوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے باعث کاروباری اداروں کے لیے سائبر انشورنس پالیسی پر انحصار وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے ۔
ڈیجیٹل نظام پر بڑھتے ہوئے انحصار کے باعث کسی بھی سائبر حملے سے کمپنیوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ایسے میں انشورنس کے ذریعے ممکنہ مالی خطرات کو مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکتا ہے بعد ازاں رسک مینجمنٹ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر جاوید مسلم نے کہا کہ سائبر سکیورٹی اور ڈائریکٹرز کے اثاثوں کے تحفظ سے متعلق انشورنس پالیسیوں سے آئی ٹی، بینکنگ سمیت مختلف شعبوں کے ادارے استفادہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں، جسکے پیش نظر اداروں کو روایتی سکیورٹی اقدامات کے ساتھ انشورنس تحفظ کو بھی اپنی رسک مینجمنٹ حکمت عملی کا حصہ بنانا چاہیے آگاہی سیشنز میں بتایا گیا کہ سائبر انشورنس کے ذریعے سائبر حملوں سے پیدا ہونے والے مخصوص مالی نقصانات کی ذمہ داری پالیسی کی شرائط و ضوابط کے تحت انشورنس کمپنی کو منتقل کی جا سکتی ہے ، جبکہ ڈائریکٹرز اینڈ آفیسرز انشورنس کمپنیوں کے اعلیٰ انتظامی عہدیداروں کو قانونی کارروائیوں اور ذمہ داریوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مالی خطرات سے تحفظ فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے انشورنس ماہرین کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کارپوریٹ سیکٹر کے لیے سائبر انشورنس اور ڈائریکٹرز لائبیلیٹی انشورنس کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے کاروباری اداروں کے ڈیجیٹل اثاثوں، حساس معلومات اور انتظامی عہدیداروں کے مالی مفادات کے تحفظ کے لیے ان خصوصی انشورنس سہولیات کا استعمال مستقبل میں مزید اہمیت اختیار کرسکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments