مفتی محمد امین کی دینی خدمات لازوال ہیں‘ڈاکٹر اسحاق قریشی
انسانیت کی خدمت کرنے والے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں،سیمینار سے خطاب
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے کے زیر اہتمام مفتی محمد امین کی یاد میں فقیہ العصر سیمینار منعقد کیا گیا، جس کی صدارت علامہ سعید احمد اسعد نے کی۔ سیمینار سے ڈاکٹر اسحاق قریشی اور سید ہدایت رسول قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف رہنے والے عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ مفتی محمد امین انقلابی فکر کے حامل ممتاز عالم دین، صوفی باصفا اور ہمہ جہت شخصیت تھے ۔ ان کی خدمات ہمیشہ امت مسلمہ کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتی رہیں گی۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی دین اسلام کی ترویج اور عشق رسولﷺ کے فروغ کیلئے وقف کی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی دینی خدمات لازوال ہیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آپ کی کتابوں آب کوثر اور البرہان سے آنے والی نسلیں بھی فیض یاب ہوتی رہیں گی۔ اس موقع پر قاری مسعود احمد حسان، کرامت علی نعیمی، سہیل بن رشید، علامہ حبیب امجد، قاری صدیق قادری، شیخ محمد ارشد، میاں کاشف محمود، علامہ عزیزالحسن اعوان، علامہ منیر شہباز، جلال الدین رومی ودیگر بھی موجود تھے ۔