امریکا کا نائیجیریا میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ، متعدد شدت پسند ہلاک

ابوجا، واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے نائیجیریا کی حکومت کی درخواست پر ملک کے شمال مغرب میں داعش سے وابستہ شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کی ہے، جس میں کئی دہشت گرد مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یہ کارروائی نائیجیریا کے صوبے سوکوٹو میں کی گئی، امریکی افریقہ کمانڈ کے مطابق حملہ نائیجیریا کے سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے کیا گیا، جس میں داعش کے متعدد جنگجو ہلاک ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ داعش کے شدت پسند علاقے میں خاص طور پر مسیحی برادری کو نشانہ بنا رہے تھے، ملک میں بے گناہ افراد کو قتل کیا جا رہا تھا، جس پر امریکی فوج نے فیصلہ کن کارروائی کی۔

امریکی فوج کے مطابق کارروائی سے قبل نائیجیریا میں انٹیلی جنس پر مبنی پروازیں بھی کی جا رہی تھیں تاکہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی جا سکے، پینٹاگون کی جانب سے جاری ویڈیو میں ایک جنگی جہاز سے میزائل داغے جانے کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

نائیجیریا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ حملہ امریکا اور نائیجیریا کے درمیان جاری سکیورٹی تعاون کا حصہ ہے، جس میں انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور مشترکہ حکمت عملی شامل ہے، شمال مغربی علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف فضائی کارروائیوں سے شدت پسندوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے بھی نائیجیریا کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں