موٹر سائیکل باڈی تیارکرکے رکشہ بنانے والوں کو وارننگ
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)نگران حکومت پنجاب کے احکامات پر ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور سٹی ٹریفک پولیس نے۔۔
موٹر سائیکل باڈی تیارکرکے رکشہ بنانے والی باڈی بلڈنگ ورکشاپ کومتنبہ کیا ہے کہ وہ اس غیر قانونی کاروبار کو ختم کردیں اور موٹر سائیکل کو رکشہ بنانے کے لئے باڈی کی تیاری سے بازرہیں بصورت دیگر دوران چیکنگ ورکشاپ سیل بلکہ بھاری جرمانے بھی ہونگے ۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی احمد رضا اور چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون نے باڈی بلڈنگ ورکشاپ مالکان سے ہنگامی میٹنگ کی اور انہیں باخبر کیا کہ وہ باڈی تیار کرنے کا کام ترک کردیں۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلز ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے بطور موٹر بائیک ہی رجسٹرڈ ہیں جس پر باڈی لگا کر لوڈر یا رکشہ بنانا خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کریک ڈاؤن شروع کیا جارہا ہے اور عدم تعمیل پر ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔سی ٹی او نے کہا کہ شاہرات کو حادثات سے فری بنانا ترجیح ہے اور قائمہ ہدایات پر عملدرآمدکے لئے سٹی ٹریفک پولیس اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کرے گی۔