سکھر :کھلے مین ہول شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے

سکھر :کھلے مین ہول شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے

سکھر (بیورو رپورٹ) کھلے مین ہولز شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے ،ایوب گیٹ پر بچہ مین ہول میں گر گیا ، رہائشی ،شہری و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر ،حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میونسپل کارپوریشن اور سکھر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت سے شہر بھر میں کھلے مین ہولز شہریوں بالخصوص بچوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ ایوب گیٹ روڈ فٹ پاتھوں پر کھلے ہوئے مین ہول میں والدین کے ہمراہ جانے والا معصوم بچہ گر کر بری طرح زخمی ہوگیا۔ راہگیروں نے بچے کو فوری طور پر گٹر سے نکال کر جان بچالی۔ علاقہ مکینوں سمیت شہریوں اور بچے کی دادی کا کہنا تھا کہ ایوب گیٹ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر کے ڈھکن کھلے ہوئے ہیں، سکھر انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو بارہا آگاہ کئے جانے کے باوجود کھلے گٹروں کو بند کرنے کے لیے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ، جس کی وجہ سے حادثات معمول بن گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں بھی ایک بچہ اسکول سے گھر واپسی کے دوران گٹر میں گر کر زخمی ہوچکا ہے ۔ شہری و سماجی حلقوں نے کمشنر سکھر،ڈپٹی کمشنر ،میئر ،یوسی چیئرمین سمیت متعلقہ محکموں کے افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں