پی ٹی آئی پر پابندی دیوانے کا خواب ہے :ڈاکٹر نثار
پینسرہ(نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار احمد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے والے دیوانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔۔۔
جب ان کی آنکھ کھلے گی تو منظر بھیانک ہو گا ،ن لیگ اپنی آپ دشمن ہے جسے کسی دشمن کی ضرورت نہیں جس میں صرف بادشاہ سلامت حکم چلاتے ہیں اور وزرا بچارے اعلان کر دیتے ہیں، لیگی پالیساں ہی اس کی سیاسی موت ثابت ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت مخلص قیادت کی ضرورت ہے ، مہنگائی بے روز گاری کے خاتمہ کے لیے سیاست سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنا ہونگے مگر مخالفین انتقامی سیاست سے باہر آنے کو تیار نہیں ، وہ آج بھی نوے کی دہائی میں جی رہے ہیں۔ ڈاکٹر نثار احمد نے کہ حقیقت میں اب دنیا بدل چکی، ہمیں مخلص ہو کر ملک کا سوچنا ہو گا، اگر وہ پی ٹی آئی کی قیادت کو جیلوں میں ڈال کر ملک چلا سکتے ہیں تو چلائیں ،مگر وہ یہ بھی کر چکے نتیجہ صفر ،ہر ظلم کر کے دیکھ لیا اب بھی وقت ہے عوامی فیصلوں پر سر تسلیم خم کرتے ہوئے ملک کو چلنے دیں ،ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔