موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن : کمشنر کی زیر صدارت اجلاس
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیر صدارت موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن بارے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اے ڈی سی ریونیو نے شرکت کی ۔
کمشنر نے کہا کہ موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن سے مالکان کے حقوق کا تحفظ ہو گا،،پلس پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں ڈویژن کے 1868میں سے 906موضع جات کو ڈیجیٹلائز جبکہ ڈویژن کے 160، اربن موضع جات میں بھی تقسیم کا عمل ڈیجیٹل کیا جائے گا۔علاوہ ازیں انہوں نے واسا کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصور خان نیازی اور ایم ڈی واسا عامر عزیز کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ایم ڈی واسا نے شہر سے نکاس آب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ واسا شہر کے 225 کلومیٹر ایریا میں خدمات فراہم کر رہا ہے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے دوران جن علاقوں میں زیادہ پانی جمع ہوا انہیں بھی نئی سکیموں میں شامل کیا جائے ۔ دریں اثنا سلوت سعید نے ڈویژنل ماڈل کالج کا دورہ کیا اورمیٹرک سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کی حامل طالبات میں انعامات تقسیم کئے ، کمشنر نے طالبات کی عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ میٹرک سالانہ امتحان میں طالبات نے نمایاں کارکردگی دکھا کر میدان مارلیا،تعلیم پر بھرپور فوکس ہی طالب علموں کا اولین مقصد ہونا چاہیے ۔ کمشنر نے اساتذہ کی محنت اور کاوشوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طالبات والدین اور اساتذہ کی عزت وتکریم کو مقدم رکھیں۔ کمشنر فیصل آباد نے سکول کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور کہا کہ ہر شہری کو شجرکاری مہم میں حصہ لینا چاہئے، طالبات کو بھی پودے لگانے چاہئیں۔