سمیتا افضال کا جناح اسپتال سائبر نائف شعبہ کا دورہ
کراچی(سٹی ڈیسک) ترجمان سندھ حکومت سمیتا افضال سید اور گھنور اسران نے کہا ہے کہ سائبر نائف دماغی کینسر کے علاوہ پروسٹیٹ کینسر کا 100 فیصد علاج فراہم کرتا ہے۔۔
اور اسپتال میں 570 نئے ڈاکٹرز کی بھرتیوں اور سات منزلہ میڈیکل ٹاور کی تعمیر منصوبے کا حصہ ہے جبکہ آئندہ تین سالوں میں جناح اسپتال میں کوئی پرانی عمارت نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جناح اسپتال کے سائبر نائف ڈیپارنمنٹ میں کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر سائبر نائف کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود بھی موجود تھے ۔ سندھ حکومت کی ترجمان اور پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی سمیتا افضال سید نے جناح اسپتال کے سائبر نائف سینٹر کا دورہ کیا۔ سائبر نائف ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے سائبر نائف ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سمیتا افضال سید نے مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کے دوران سائبر نائف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر کا علاج مفت کیا جا رہا ہے ۔ جناح اسپتال کے سائبر نائف سینٹر میں سندھ کے 45 فیصد مریض جبکہ دیگر صوبوں اور 14 سے زائد ممالک کے مریض بھی علاج کے لیے آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سائبر نائف کے علاوہ یہاں پیٹ اسکین اور ٹومو تھراپی کی سہولت بھی موجود ہے ۔ ترجمان سندھ حکومت گھنور اسران نے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نظریے کے تحت عمل میں لایا گیا ہے ۔