بنگلادیش نے پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں ہرا کر نئی تاریخ رقم کردی
ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش نے پاکستان اپنی سر زمین پر پہلی بار ٹیسٹ ہرا کر تاریخ رقم کرنے کے ساتھ طویل فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ڈھاکا کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جو میزبان ٹیم نے 104 رنز سے جیت کر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔
میچ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے کھانے کے وقفے سے کچھ وقت قبل اپنی دوسری اننگ 240 رنز 9 وکٹوں پر ڈکلیئر کر دی اور پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا تھا۔
تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن سپر فلاپ رہی اور پوری ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بنگلہ دیش نے 104 رنز کے بڑے مارجن سے قومی ٹیم کو ہرایا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی اپنی سر زمین پر پاکستان کے خلاف یہ پہلی ٹیسٹ فتح ہے۔ بنگلہ ٹیم نے تاریخ رقم کرنے کے ساتھ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے 2024 میں دورہ پاکستان میں قومی ٹیم کو اسی کی سر زمین پر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست تھی۔