سموگ:صنعتی یونٹس کو جرمانے،تفریحی مقامات بند نہ ہوسکے:آن لائن کلاسز شروع نہ ہوسکیں
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈویژن کے چاروں اضلاع میں انسداد سموگ کے سلسلے میں انسدادی واحتیاطی اقدامات جاری ہیں۔ڈویژن میں ایک روز میں 44 انڈسٹریل یونٹس کی انسپکشن،18 خلاف ورزیاں،16 کے سٹیم بوائلر سیل،چار مقدمات کا اندراج اور7لاکھ 50 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں اینٹوں کے بھٹوں کی انسپکشن بھی جاری اورزگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 6بھٹہ جات بند کرادیئے گئے ۔شاہرات پردھواں دینے والی 41وہیکلز کے چالان اور 9ہزار روپے جرمانہ عائد،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے پر جرمانہ اور سموگ کو کم کرنے کے لئے شاہرات پر مسلسل پانی کا چھڑکاؤ جاری ہے ۔کسانوں کو فصلوں کی باقیات نہ جلانے کی آگاہی جاری اور خلاف ورزی پر ایکشن لیا جارہا ہے ۔ دریں اثنا حکومت پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن میں پارکس، تفریحی مقامات، سیاحتی مقامات 17 نومبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا تاہم انتظامیہ اس پر پہلے روز عملدرآمد کروانے میں ناکام رہی۔ شہریوں کی بڑی تعداد جناح باغ، گٹ والا پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات پر بچوں کے ہمراہ موجود رہی جبکہ اس دوران کسی بھی انتظامیہ افسر نے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کروانے کی کوشش نہ کی۔ علاوہ ازیں شہریوں نے ماسک لازمی پہننے کی پابندی کو بھی ہوا میں اڑا دیا۔ .
جبکہ گھنٹہ گھر سمیت مختلف مارکیٹس رات 8 بجے بند ہونے کے بجائے 11 بجے تک کھلی رہیں۔ گزشتہ روز شہر کا ایئرکوالٹی انڈکس 350 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ علاوہ ازیں سکولوں کی بندش کے بعد آن لائن کلاسز کے اجرا کے لیے اقدامات بھی نہ اٹھائے جا سکے ۔ پنجاب حکومت نے ایجوکیشن اتھارٹیز کو بچوں کی تعلیم آن لائن ذرائع پر منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔جس پر وسائل کی کمی کے باعث عملدرآمد کرنا نا ممکن ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹیز کی جانب سے طلبا کو آن لائن پڑھانے کے ذرائع کی عدم دستیابی پر عملدرآمد سے معذرت کرلی گئی جس پر والدین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد وقار احمد کا کہنا ہے کہ سرکاری سکولوں میں آنے والے زیادہ تر بچوں کا تعلق متوسط طبقے سے ہے سب کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت حاصل کرنا ممکن نہیں۔ اساتذہ کو واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر بچوں کو ہوم ورک دینے اور فیڈ بیک لینے کی ہدایت کی ہے ۔