غیر قانونی ویگن ، رکشہ سٹینڈز کیخلاف اقدامات کر رہے :علی اکبر
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرنے کہاہے کہ شہر میں غیر قانونی ویگن اور رکشہ سٹینڈزکے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ افسران سے شہر میں ٹریفک مینجمنٹ،غیر قانونی ویگن و رکشہ سٹینڈز کا خاتمہ کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنرنے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ سرکاری مقررہ کرایہ نامہ کو نمایاں جگہوں پر واضح آویزاں کروائیں اور عملدرآمد نہ کرنے پر ان کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں ۔ٹرانسپورٹرز حضرات اپنی گاڑیوں کا بروقت معائنہ کروائیں تاکہ دھوئیں سے ماحول آلودہ نہ ہو۔ انہوں نے سموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں کو فوری بندکرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ۔ مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر زاور دیگر افسران کو زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران رفیق نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد بھٹہ مالکان کو بھاری جرمانے عائد کر دیئے ۔