سرکاری واجبات کی وصولیوں میں تیزی لائی جائے : کمشنر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت ٹوبہ ٹیک سنگھ انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمدنعیم سندھواور اسسٹنٹ کمشنرز موجود تھے اجلاس میں سرکاری اراضی کی تفصیلات اور زرعی اراضی پر عارضی کاشت پر جامع بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر بورڈ آف ریونیو کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔سرکاری واجبات کی وصولی، انتقالات فیس،تاوان،واٹر ریٹ،زرعی انکم ٹیکس،سٹمپ ڈیوٹی،زیر التواء انتقالات،ای رجسٹریشن،وارثتی انتقالات، تقسیم جائیداد کے کیسز،کھیوٹ ایشوز،پلس پراجیکٹ،سکنی موضع جات،جمعبندیوں کی سکینگ اورریونیو عدالتی کیسز کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ریونیو افسران ماتحت ملازمین کی پراگریس پر گہری نظر رکھیں۔دفاتر کی انسپکشنز کے ساتھ عدالتی کیسز کو جلد نمٹایاجائے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولیوں میں تیزی لائی جائے اور نادہندگان کے خلاف سخت ایکشن لیں۔کمشنر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ماتحت ریونیو افسران کو تفویض کردہ اہداف کا ہر ہفتے جائزہ لیں اور انہیں مزید متحرک کیا جائے ۔فیلڈ ریونیو اہلکاروں کو ٹارگٹ دیئے جائیں اور اہداف حاصل نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں۔