ایم ڈی واسا کی ہدایت پر ڈیڈ ڈیفالٹرز کیخلاف مہم مزید تیز
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس نے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف مہم مزید تیز کردی گئی ۔۔۔
جس کے تحت نومبر میں نادہندہ صارفین سے مجموعی طور پر87 لاکھ 74 ہزار روپے سے زائد کی ریکوری اور نادہندگان کے 187 سیوریج و واٹر سپلائی کنکشن منقطع کئے گئے ۔ ایم ڈی واسا نے ریونیو ڈائریکٹوریٹس کو واسا کے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کر رکھی تھیں جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریونیو ڈائریکٹرز محمد اقبال ملک اور شہریار حسن کی زیر نگرانی ریونیو افسران و سٹاف نے یکم نومبر سے 30 نومبر تک ڈیڈ ڈیفالٹر صارفین کے خلاف ٹھوس اور موثر کارروائیاں کیں اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے مجموعی طور پر87 لاکھ74 ہزار سے زائد کی ریونیو ریکوری کی جس میں ریونیو ڈائریکٹوریٹ ایسٹ نے 49 لاکھ 82 ہزار روپے جبکہ ریونیو ڈائریکٹوریٹ ویسٹ نے 37 لاکھ 92 ہزار روپے سے زائد کی ریونیو ریکوری کی اسی طرح مجموعی طور پر187 ڈیفالٹرز کے کنکشن کاٹے گئے جن میں ویسٹ زون میں 101 جبکہ ایسٹ زون میں 86 نادہندگان کے کنکشن منقطع کئے گئے ۔