جی سی یو فیصل آباد کے زیر اہتمام سرکاری انتظامی اداروں کے کردار سے متعلق سیمینار
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ قانون کے زیر اہتمام سرکاری انتظامی اداروں اور عدلیہ کا انصاف کی فراہمی میں کردار کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد ہوا۔
جس کی صدارت وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کی۔ سٹی پولیس آفیسر کامران عادل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اینٹی کرپشن زاہد غزنوی، ڈاکٹر ثاقب الہی سپرٹینڈنٹ سنٹرل جیل، اسسٹنٹ کمشنر زبیر گیلانی اور دیگر نے سیمینار سے اظہار خیال کیا۔ چیف آرگنائزر ڈاکٹر فوزیہ نسیم چیئرمین شعبہ قانون ڈاکٹر غلام مرتضی اور فوکل پرسن سید نجم شاہ کے علاؤہ دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی ریاست میں امن و امان قائم کرنے اور انصاف کی فراہمی میں اس کی عوام اور ریاستی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعات امن، ہم آہنگی، قانون و انصاف اور اداروں کے احترام جیسی روایات کو پروان چڑھانے اور نوجوان نسل میں ان کے بارے میں آگاہی کے لئے کلیدی کردار کی حامل ہیں۔ سیشن جج اینٹی کرپشن زاہد غزنوی نے کہا کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ قوم کی ترقی خوشحالی میں انصاف کی فراہمی اہم کردار کی حامل ہے ۔سٹی پولیس آفیسر کامران عادل نے پولیس کے کردار اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر خطاب میں ڈاکٹر فوزیہ نسیم کا کہنا تھا کہ شعبہ قانون کی پاسداری ہر شہری کے بنیادی فرائض میں سے ہے ، قانون کی بلاتفریق عملداری سے ہی ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی ممکن ہے ۔