صفائی کمپنی کی آؤٹ سورسنگ کے باوجود عملہ اور مشینری پوری نہ ہوسکی ، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں ستھرا پنجاب مہم کے لیے صفائی کمپنی کی آوٹ سورسنگ کے باوجود عملہ اور مشینری پوری نہ ہوسکی ٹھیکیدار بھی پرانی ڈگر پر ہی چل نکلے دیہی علاقوں میں کچرے کے ڈھیر جوں کے توں موجود ہیں۔۔۔
چیف سیکرٹری کی میٹنگ میں فرضی تصاویر کے ذریعے سب اچھا کی رپورٹ دی جارہی ہے کوڑا اٹھانے کی بجائے چھپا کر تصاویر بنانے کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آچکی ہیں ۔یونین کونسلز کی سطح پر کام کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن کمپنی کے پاس اتنے بڑے علاقے کو صاف کرنے کیلئے نہ تو افرادی قوت ہے اور نہ ہی علاقے کے تناسب سے مشینری جس کی وجہ سے حقیقی کام کی بجائے تصویری کارکردگی پر زیادہ زور دیا جارہا ہے ایک ویسٹ ورکر کی ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویسٹ ورکرز مین بازار لیاقت آباد میں سڑک کے کنارے کھڑی ایک ریڑھی کے نیچے سے کوڑا نکال کر سڑک پر رکھ کرکوڑے کی تصویر بناتا ہے اور کوڑا اٹھا کر صفائی کرنے کی بجائے دوبارہ سے کوڑا اسی ریڑھی کے نیچے کرکے صاف جگہ کی تصویر بنا لیتا ہے یعنی پہلے خود ہی کوڑا سڑک پر رکھ کر گندگی کی تصویر بنائی اور بعد میں کوڑا اٹھانے کی بجائے واپس چھپا دیا اور اسی طرح کی تصویری کارکردگی کو چیف سیکرٹری کی میٹنگ میں بطور ثبوت پیش کرکے سب اچھا کی رپورٹ دی جاتی ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کمشنر کی جانب سے بتایا گیا کنٹریکٹرز سے مسلسل میٹنگز کرکے انسانی وسائل،مشینری مکمل کرائی جارہی ہے۔