ڈی سی جھنگ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر اور ممبر صوبائی اسمبلی کرنل(ر )غضنفر عباس قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر )بلال افتخار کیانی،امیر عباس سیال،سابق ممبر صوبائی اسمبلی خالد غنی،محمد اکرم بھروانہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی شیخ محمد یعقوب اور ضلعی محکموں کے سربراہان بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔محکمہ بلڈنگ کے افسران نے ضلع کے 26ہیلتھ مراکز کی ریویمپنگ کے جاری کام کی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ سی ای او ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں میں بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ سکولوں کو ماڈل بنانے پر کام جاری ہے ۔ سکولوں میں تدریسی امور، رومزکی صفائی،کمروں اورچاردیواری کی مرمت اور وائٹ واش سمیت داخلہ مہم میں بچوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد بڑھانے کے حوالہ سے اقدامات کر رہے ہیں۔ سی او ایجوکیشن نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ خستہ حالی کا شکار سکولوں کی بلڈنگ کی اَپ گریڈیشن کیلئے اعلیٰ حکام کو کو کیس بھیجا گیا ہے ۔محکمہ ہائی وے کے افسران نے جاری ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور روڈ سیکٹرکی سکیموں پر جاری کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا ۔محکمہ بلڈنگ کے افسران نے منڈی شاہ جیونہ میں ریسکیو1122کی نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگ بارے بھی آگاہ کیا۔ محکمہ صحت کے افسران نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی اور کارڈک ایمرجنسی کیلئے فنڈز جاری کروانے بارے آگاہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر گڈ گورننس اور شفافیت کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔