فیصل آباد میں 5 فروری کو کشمیر کبڈی کپ کے مقابلے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ‘‘کشمیر کبڈی کپ’’کے مقابلوں کے انعقاد کیلئے ٹیموں کی قرعہ اندازی کی گئی۔
ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ، سیکرٹری جنرل ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔قرعہ اندازی کی تقریب میں کبڈی ٹیموں کے کپتان، کوچز، ریفری اور مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان شریک تھے ۔ کشمیر کبڈی کپ 5 فروری کو سپورٹس گراؤنڈ ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں کھیلا جائیگا۔ جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں پر مشتمل کبڈی کی 4 نامور ٹیمیں حصہ لیں گی۔ قرعہ اندازی کے مطابق کبڈی کا پہلا میچ سانجھا پنجاب کبڈی کلب اور ہاؤس آف ٹائرشیر پنجاب کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا میچ ننکانہ صاحب کبڈی کلب اور آزاد کبڈی کلب409 UKکی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوگا۔ان میچز میں جیتنے والی ٹیمیں فائنل میچ میں پہنچیں گی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے اس خطے کا مقبول ترین کھیل ہے جس کے مقابلے شائقین کیلئے بے حد دلچسپی کا باعث ہیں، یہی وجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اس روایتی اور ثقافتی کھیل کے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔