ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے طلبا میں ہیلمٹ اور بیک ویو مرر تقسیم

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد میں یونیورسٹی کے روڈ سیفٹی کلب کی جانب سے سٹی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے طلبا کو ہیلمٹ اور بیک ویو مرر فراہم کیے گئے ۔
جبکہ ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے واک اور سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب میں ٹریفک پولیس کے شعبہ ایجوکیشن یونٹ کے محمد زبیر واہلہ، ڈاکٹر مبشر باجوہ، سید علی رضا، اور لیڈی آفیسر حلیمہ عرفان نے شرکت کی۔ یونیورسٹی روڈ سیفٹی کلب کے انچارج فاروق جمال، احسن سعید، اور پی آر او سردار اختر اور فیصل آباد بزنس سکول کے ڈین ڈاکٹر سجاد احمد بیگ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ یہ اقدام طلبا کو ٹریفک قوانین کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس کے ذریعے نہ صرف طلبا کو ضروری سامان فراہم کیا گیا بلکہ انہیں ٹریفک کے قوانین کی پابندی کی ترغیب بھی دی گئی۔