الائیڈ ہسپتال ٹو کے وارڈز میں کھٹملوں کا راج،ناقص صفائی،مریضوں کو شدید پریشانی

الائیڈ ہسپتال ٹو کے وارڈز میں کھٹملوں کا راج،ناقص صفائی،مریضوں کو شدید پریشانی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ٹو کے وارڈز میں کھٹملوں کا راج، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات مریضوںکیلئے وبال جان بن گئے ۔۔۔

چلڈرن وارڈ میں نوزائیدہ بچوں کے قریب اور کھانے پینے کی اشیا میں آزادانہ گھومتے کیڑوں نے خطرات بڑھا دیئے ۔ الائیڈ ہسپتال ٹو میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال مریضوں خصوصاً بچوں کے لیے خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے ۔ ہسپتال کے مختلف وارڈز، بالخصوص چلڈرن وارڈ میں کھٹملوں کیڑوں اور دیگر حشرات کی آزادانہ موجودگی نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کے بستروں، گدوں، اور دیواروں پر کھٹملوں کی بہتات سے مریضوں کی نیند اور آرام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ بیشتر وارڈز میں موجود فرنیچر اور دیواروں کی دراڑوں میں یہ حشرات کھلے عام پائے جا رہے ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے شکایت کی ہے کہ روزانہ رات کے وقت کھٹملوں کی یلغار سے سونا مشکل ہو جاتا ہے اور ان کے کاٹنے سے جسم پر شدید خارش اور سوجن جیسے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ سب سے تشویشناک صورتحال چلڈرن وارڈ میں ہے جہاں نوزائیدہ بچوں کے قریب کیڑے مکوڑوں کی آزادانہ موجودگی دیکھی گئی۔ ہسپتال میں صفائی عملے کی جانب سے محض رسمی کارروائی کی جاتی ہے ۔ بعض سینئر ڈاکٹروں نے بھی نجی طور پر اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی حالت میں مزید بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں