محکمہ صحت فیصل آباد، غیر قانونی بھرتیاں، 2کروڑ43لاکھ سے زائد غیر شفاف ادائیگیوں کا انکشاف

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)ضلعی محکمہ صحت فیصل آباد میں غیر مستقل ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں اور واجبات کی مد میں کروڑوں روپے کی مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آ گئیں۔۔۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پریوینٹو سروسز) اور تین تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں سمندری، تاندلیانوالہ، چک جھمرہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے مختلف عہدوں پر کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 2 کروڑ 43 لاکھ 30 ہزار روپے کی غیر شفاف ادائیگیاں کیں۔صحت کے شعبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ فیصل آباد کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے تحت سال 2023 تا 24 کے دوران مختلف تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور دفاتر میں عارضی بنیادوں پر رکھے گئے ملازمین کو مبینہ خلاف ضابطہ طور پر بھاری رقوم کی ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے ۔ دستاویزات کے مطابق خلاف ضابطہ عملہ بھرتی کرکے 2 کروڑ 43 لاکھ 30 ہزار روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ بھرتیاں بغیر کسی اشتہار کے کی گئیں ،دستاویزات کے مطابق ڈی ایچ او پریوینٹو سروسز کے دفتر نے 1 کروڑ 54 لاکھ 10 ہزار روپے کی ایسی ادائیگیاں کیں جن میں ملازمین کی تقرری کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، حاضری اور کارکردگی رپورٹس میں بھی مبینہ رد و بدل کیا گیا۔ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی میں معاملہ زیربحث آیا، جہاں سی ای او ہیلتھ کو ہدایت دی گئی وہ کیس کو انتظامی محکمے کے ساتھ اٹھائیں اور تمام مطلوبہ ریکارڈ دو ہفتوں کے اندر پیش کریں۔ تاہم اس پر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔