دفاتر میں ریکارڈ محفوظ کرنے کا کمپیوٹرائزڈ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب بھر کے انتظامی محکموں، منسلک اداروں، ڈائریکٹوریٹس اور ماتحت دفاتر میں \"فائل اوریجنیشن اینڈ اپروول سسٹم\" یعنی فائلوں کی تیاری، منظوری اور ریکارڈ محفوظ کرنے کا کمپیوٹرائزڈ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
حکومت نے نظام 31جولائی 2025تک ہر صورت فعال کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اعلیٰ سرکاری حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ دفاتر میں فائل اوریجنیشن اینڈ اپروول سسٹم (e-FOAS) کا عملی نفاذ یقینی بنائیں۔ نظام کا اطلاق صرف رسمی کارروائی کے طور پر نہ ہو بلکہ مکمل سنجیدگی کے ساتھ کیا جائے تاکہ اس کے مطلوبہ فوائد حاصل کیے جا سکیں۔ یہ آن لائن نظام سرکاری دفاتر میں فائلوں کی تیاری، تبادلے ، منظوری اور محفوظ رکھنے کا مکمل عمل کمپیوٹرائزڈ کر دے گا۔ ماضی میں فائلیں کاغذی شکل میں گردش کرتی تھیں جن میں فائلوں کے ضائع ہونے ، تاخیر اور غیر شفاف عمل جیسے مسائل عام تھے ۔ اس نظام کی بدولت نہ صرف ہر فائل کا محفوظ ریکارڈ دستیاب ہوگا بلکہ تمام کارروائیاں برق رفتاری اور مکمل شفافیت سے مکمل ہو سکیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دفاتر کو 31 جولائی 2025 تک اس نظام کے مکمل نفاذ کی پابندی کرنا ہوگی۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی محکمے کو تکنیکی معاونت یا رہنمائی درکار ہو تو وہ پنجاب آئی ٹی بورڈ کے جوائنٹ ڈائریکٹر اشفاق علی سے رابطہ کر سکتا ہے ۔ انتظامی ماہرین کا کہنا ہے کہ فائل اور یجنیشن اینڈ اپروول سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف دفتری نظم و نسق جدید ہو گا بلکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں تیزی اور سرکاری فیصلوں میں شفافیت آئیگی۔