چلڈرن ہسپتال کی 17 نرسیں خلاف ضابطہ مختلف فارمیسی پوائنٹس پر تعینات

 چلڈرن ہسپتال کی 17 نرسیں خلاف ضابطہ مختلف فارمیسی پوائنٹس پر تعینات

فیصل آباد (بلال احمد سے )چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے واضح احکامات کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نرسنگ افسران کو ان کی ملازمت کے دائرہ کار سے ہٹا کر غیر متعلقہ فرائض سونپ دیئے۔

 پنجاب نرسنگ سروس رولز 2014 کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے این ایس نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سرپرستی میں 17 نرسوں کو وارڈز سے ہٹا کرخلاف ضابطہ مختلف فارمیسی پوائنٹس پر تعینات کر دیا۔تفصیلات کے مطابق چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں نرسنگ سٹاف کی مجموعی منظور شدہ تعداد 224 ہے ، جن میں سے اس وقت 207 نرسیں فعال ڈیوٹی پر موجود ہیں جبکہ 17 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ سٹاف کی پہلے ہی موجود کمی کے باوجود نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے 17 نرسوں کو مختلف فارمیسیوں پر تعینات کر دیا ۔ ایس ایس پی فارمیسی میں دو نرسیں مارننگ شفٹ، ایک ایوننگ اور دو نائٹ شفٹ میں تعینات کی گئی ہیں۔ سیٹلائٹ فارمیسی میں تین نرسیں مارننگ، دو ایوننگ اور تین نائٹ شفٹ میں موجود ہیں جبکہ گراؤنڈ فلور فارمیسی پر دو نرسیں مارننگ، دو ایوننگ اور دو نائٹ شفٹ میں ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔ یوں مجموعی طور پر سترہ نرسیں فارمیسیوں میں وہ کام سرانجام دے رہی ہیں جو ان کی ملازمت کی نوعیت سے مطابقت ہی نہیں رکھتا۔

ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے ان نرسوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ فارمیسیوں میں موجود تمام کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کو اپنی نگرانی میں لے لیں، حالانکہ یہ ذمہ داری ان کے دائرہ کار میں نہیں آتی ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے 11 نومبر 2024 کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں واضح طور پر ہدایت دی گئی کہ نرسنگ افسران کو کسی ایسے شعبے میں تعینات نہ کیا جائے جو ان کی ملازمت کی نوعیت سے مختلف ہو ورنہ متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں ان احکامات کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ۔ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسزنجمہ نے مؤقف دیتے ہوئے کہاہے کہ ہسپتال میں عملے کی کمی ہے ،ایم ایس کی ہدایت کے مطابق ہی نرسوں کو فارمیسیوں پر تعینات کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں