حکام کی غفلت، فیکٹریاں زہریلا دھواں اُگل رہیں، شہری بیمار

پینسرہ (نمائندہ دنیا )محکمہ ماحولیات کی مجرمانہ غفلت و ملی بھگت ،فیکٹریوں کی چمنیاں زہریلا دھواں اگل رہیں،شہر ی مہلک بیمارویوں میں مبتلا۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 67 ج ب سدھار، چک نمبر 66ج ب دھاندرہ،نیوسبز منڈی و گردنواح میں قائم درجنوں فیکٹریوں کے بوائلرز میں ایندھن کے طور پر پلاسٹک ،پرانے کپڑے ،چمڑا،ٹائر ،بھوسا سمیت کوڑا کرکٹ جلایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اٹھنے والا سیاہ زہریلا دھواں نہ صرف ماحول آلودہ کرنے کا سبب بن رہا ہے بلکہ شہری پھیپھڑوں ،سانس و دمہ جیسی موذی امراض میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں۔رات گئے فیکٹری مالکان کی جانب سے ممنوعہ اشیاءجلانے کی وجہ سے اڑنے والی راکھ سے شہریوں کے گھروں کی چھتوں پر ڈھیر لگ جاتے ہیں اور گرمیوں میں شہریوں کا چھتوں پر سونا محال ہو چکا۔اہل علاقہ کے احتجاج کے باجود محکمہ ماحولیات نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ سیاسی، سماجی و کاروباری تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر ماحولیات پنجاب اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرائے جائیں۔