فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تھانوں میں حاضری کا حکم

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی پی او جھنگ کیپٹن(ریٹائرڈ)بلال افتخار کیانی نے ضلع بھر میں ضلع بندی اور زبان بندی کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کے احکامات جاری کر دئیے۔۔۔
فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تھانوں میں روزانہ حاضری اور مسکنوں پر موجودگی لازمی قرارددیدی ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او کیپٹن (ر)بلال افتخار کیانی محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات پر مکمل فوکس کئے ہوئے ہیں گزشتہ روز ڈی پی او نے ضلع بھر کے پولیس افسران کو پروفیشنل ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی طرف سے معلومات اور اطلاعات کے تبادلے کے بعد بھجوائی گئی سفارشات کی روشنی میں مجاز اتھارٹی کی طرف سے ضلع بندی اور زبان بندی کے احکامات جاری کئے گئے ان پر عمل درآمد ضروری،ناگزیر اور قانون کا تقاضا ہے ،جن افراد کی مجاز اتھارٹی کی طرف سے ضلع بندی کی گئی ہے وہ کسی بھی صورت ضلع میں داخل نہیں ہو سکیں گے ،اسی طرح جن افراد کی زبان بندی کی گئی ہے وہ ضلع میں کسی قسم کا کوئی خطاب یا تقریر نہیں کر سکیں گے ،اگر ضلع بندی کی لسٹ میں شامل شخص ضلع میں داخل ہوا،زبان بندی کی لسٹ میں شامل شخص نے ضلع میں کسی مقام پر خطاب کیا اور اس کے خلاف فوری قانونی کارروائی نہ ہوئی تو ذمہ دار پولیس افسران کے فوری خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہو گی۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے کہا کہ ضلع بندی اور زبان بندی کے احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ اشخاص کے میزبانوں کے خلاف بھی سہولت کاری کرنے پر قانونی کارروائی ہو گی۔