ٹوبہ :ڈی سی کی زیر صدارت بازاروں کو ماڈل بنانے کیلئے اجلاس

ٹو بہ ٹےک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بازاروں کو ماڈل اور جدید سہولیات سے آراستہ بنانے کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں بلدیاتی اداروں اور فیسکو کے افسران نے شرکت کی،اجلاس میں صدر بازار اور کمیٹی بازار کی بیوٹی فیکیشن کے تحت بجلی کی ترسیل کے نظام کو انڈر گراوؤنڈ کرنے کی تجویز زیر غور آئی۔ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر بازاروں میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ایک محفوظ، خوبصورت اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے،انہوں نے فیسکو حکام کو ہدایت کی کہ صدر بازار اور کمیٹی بازار میں بجلی کی لائنوں کو زیر زمین منتقل کرنے کے لیے جامع اور قابلِ عمل پلان جلد از جلد تیار کیا جائے تاکہ اس منصوبے کو بیوٹی فکیشن کے دیگر اقدامات کے ساتھ ہم آہنگ کر کے عملی شکل دی جا سکے،انہوں نے کہا کہ بازاروں میں اوور ہیڈ تاروں اور کھمبوں کی وجہ سے نہ صرف منظرنامہ متاثر ہوتا ہے بلکہ شہریوں کے لیے خطرہ بھی موجود رہتا ہے، انڈر گراوؤنڈ بجلی کا نظام نہ صرف ظاہری خوبصورتی میں اضافہ کرے گا، بلکہ یہ محفوظ تر اور دیرپا حل ثابت ہوگا۔