واسا کی غفلت، سیوریج کے پانی سے تعفن بیماریاں

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )واسا نے کام نہ کرنے کی ٹھان لی واسا کی سنگین غفلت و روایتی ہٹ دھرمی کے باعث شہر کے رہائشی علاقے سیوریج کے پانی میں ڈوب گئے شدید گرمی میں سیوریج زدہ ماحول سے ناقابل برداشت تعفن اٹھ رہا ہے وبائی امراض پھوٹنے کا بھی خدشہ ہے۔۔۔
لیکن واسا افسروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی تفصیلات کے مطابق واسا افسروں کی روایتی ہٹ دھرمی کے باعث فیلڈ سٹاف نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے افرادی قوت کی کمی کا رونا رونے والے افسر موجودہ وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ کام کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں واسا افسر ڈبل کیبن گاڑیوں اور ایئر کنڈیشنڈ دفاتر سے باہر نکل کر شہر کی حالت زار کو دیکھنے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں اسی وجہ سے سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے بیشتر رہائشی علاقوں میں گٹر ابل رہے ہیں سمن آباد،بابو والا،کھوکھر ٹاون،رشید آباد،بستی اسحاق والی،،امین ٹاون،سیف آباد،شمس آباد،نعمت آباد روڈ،پٹھان والا،بسم اللہ کالونی،رچنا ٹاون کے علاقوں میں سیورج مسائل دیرینہ شکل اختیار کرچکے ہیں مدینہ ٹاون ٹاون جیسے پوش علاقوں میں گٹر ابلتے نظر آتے ہیں رہائشی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام خراب ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی راہگیروں اور علاقہ مکینوں کیلئے درد سر بنا ہوا ہے گرم موسم میں سیوریج کا پانی جب سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہوتا ہے تو دھوپ لگنے کے بعد اس سے ناقابل برداشت تعفن اٹھتا ہے سیوریج کا پانی مچھر کی افزائش نسل کیلئے بھی موزوں ترین ماحول فراہم کررہا ہے واسا کا آپریشنز سٹاف اور افسر ہمیشہ اپنے محکمے کے سینئر اور انتظامی افسروں کو گمراہ کرکے سب اچھا دکھاتے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ لگژری گاڑیوں بڑے بڑے سرکاری دفاتر اور سرکاری رہائشگاہوں میں ایئر کنڈیشنڈ کے مزے لینے والے افسر فیلڈ میں نکل کر عوام کی حالت زار دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتے واسا افسروں کے پاس ڈبل کیبن گاڑیاں موجود ہیں جن میں سرکاری ڈیزل اور پٹرول استعمال ہوتا ہے لیکن یہ گاڑیاں عوام کے کام نہیں آر ہیں واسا سے متعلقہ ہیلپ لائن پر بھی شکایات کا اندراج کروایا جاتا ہے مگر اس کے باوجود مسائل حل نہیں ہوتے معاملے سے متعلق ڈائریکٹر آپریشنز واسا فاروق نجیب سے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے روایتی افسر شاہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقف دینے سے گریز کیا۔